50 اراکین پر مشتمل اعلیٰ سطح کا چینی تجارتی وفد نے فیڈریشن ہاؤس کراچی کا دورہ کیا جہاں پاکستانی تاجروں اور صنعتکاروں کے ساتھ اہم ملاقاتیں ہوئیں۔ تقریب میں چائنہ میں پاکستان کے سفیر بھی چینی وفد کے ہمراہ موجود تھے۔
چینی وفد میں معدنیات، ٹیکسٹائل، کیمیکلز، قابلِ تجدید توانائی، آٹوموبائل، آئی ٹی، فوڈ انڈسٹری اور مینوفیکچرنگ سمیت مختلف شعبوں کے نمائندے شامل تھے۔
ایف پی سی سی آئی کے سینئر نائب صدر ثاقب فیاض مگوں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چین کو برآمدات بڑھانے کے لیے پاکستان کو ویلیو ایڈڈ اور معیاری مصنوعات کی تیاری پر توجہ دینا ہوگی۔
ریجنل چیئرمین سندھ و نائب صدر ایف پی سی سی آئی عبدالمہیمن خان نے کہا کہ یہ حالیہ برسوں میں پاکستان کا دورہ کرنے والا سب سے بڑا اور اہم چینی تجارتی اور سرمایہ کاری وفد ہے۔
پاکستان، چائنا بزنس کونسل کے چیئرمین کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان ٹریڈ پروموشن اور بی ٹو بی سرگرمیوں کو مزید فروغ دینے کی اشد ضرورت ہے تاکہ دوطرفہ اقتصادی تعاون کو مضبوط بنایا جا سکے۔