وزیر خزانہ کی آئی کیپ وفد سے ملاقات، ٹیکنالوجی پر مبنی ٹیکس اصلاحات کے عزم کا اعادہ

image

وفاقی وزیر خزانہ و محصولات محمد اورنگزیب نے ٹیکنالوجی پر مبنی ٹیکس اصلاحات کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت ایک شفاف، مؤثر اور ڈیجیٹل ٹیکس نظام کے قیام کے لیے اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے۔

وزارت خزانہ میں انسٹی ٹیوٹ آف چارٹرڈ اکاؤنٹنٹس آف پاکستان (آئی کیپ) کے وفد سے ملاقات کے دوران وزیر خزانہ نے کہا کہ معاشی اور ٹیکس پالیسیوں کو زیادہ مؤثر اور عملی بنانے کے لیے پیشہ ور اداروں اور اسٹیک ہولڈرز سے مسلسل رابطہ ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت ٹیکس ایڈمنسٹریشن کے نظام کو لوگوں، طریقہ کار اور ٹیکنالوجی کی بنیاد پر جدید خطوط پر استوار کر رہی ہے تاکہ شفافیت میں اضافہ ہو، غیر ضروری انسانی مداخلت کم ہو اور ٹیکس دہندگان کو سہولت ملے۔

وزیر خزانہ نے اس موقع پر ٹیکس پالیسی آفس کی فعالیت کو اہم ادارہ جاتی اصلاح قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے ٹیکس پالیسی سازی کو مزید مضبوط اور مربوط بنایا جا رہا ہے۔

ملاقات میں ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹل نظام کے بڑھتے ہوئے کردار پر بھی گفتگو کی گئی۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ مختلف شعبوں میں متعارف کرائے گئے اے آئی پر مبنی مانیٹرنگ اور ٹیکنالوجی سے چلنے والے نظام سے دستاویزات بہتر ہو رہی ہیں اور نظام میں لیکیجز کم ہو رہی ہیں۔

آئی کیپ وفد نے دستاویزات، گروپ ٹیکسیشن، برآمدی خدمات اور مختلف شعبوں میں ٹیکس ہم آہنگی سے متعلق تجاویز پیش کیں۔ ملاقات میں سرمایہ کاری کے فروغ، کاروبار میں آسانی اور ٹیکس نیٹ کو وسعت دینے کے اقدامات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیر خزانہ نے وفد کی تجاویز کو آئندہ بجٹ سازی کے عمل میں غور کے لیے شامل کرنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ حکومت ایک جدید، ٹیکنالوجی پر مبنی اور سہولت فراہم کرنے والا ٹیکس نظام قائم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔

وفد کی قیادت سمیع اللہ صدیقی نے کی جبکہ دیگر اراکین میں جہانزیب امین، احمد رضا میر اور ذیشان اعجاز شامل تھے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US