اسلام آباد پولیس نے تھانہ بھارہ کہو کے علاقے سے اغواء ہونے والی 2 ماہ کی بچی کو چند گھنٹوں میں بحفاظت بازیاب کر کے اہم کامیابی حاصل کرلی۔
پولیس کے مطابق مغوی بچی فجر نور کو مری سے بازیاب کیا گیا، جبکہ اغواء میں ملوث مرکزی ملزمہ خاتون اقصیٰ جمیل اور ٹیکسی ڈرائیور ظہیر کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔
پولیس حکام کے مطابق ملزمہ نے بچی کو کھلانے کے بہانے اپنے ساتھ لے جا کر اغواء کیا اور بعدازاں ٹیکسی کے ذریعے فرار ہوگئی۔ تحقیقات میں یہ بھی سامنے آیا ہے کہ ملزمہ محلے میں جعلی نام مریم استعمال کررہی تھی۔
ڈی آئی جی اسلام آباد کے نوٹس پر ایس پی محمد خرم اشرف اور ایس ڈی پی او شمس اکبر کی زیر نگرانی خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئیں، جنہوں نے جدید ٹیکنالوجی، سیف سٹی کیمروں اور انسانی ذرائع کی مدد سے کارروائی کرتے ہوئے بچی کو مختصر وقت میں بازیاب کرلیا۔
ڈی آئی جی محمد جواد طارق کے مطابق ملزمان کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جارہی ہے اور انہیں قرار واقعی سزا دلوانے کے لیے تمام قانونی تقاضے پورے کیے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ اسلام آباد پولیس نے 2026 کے دوران بھی متعدد اہم کیسز کو 24 گھنٹوں سے کم وقت میں حل کیا ہے۔
بچی کی بازیابی پر والدین نے اسلام آباد پولیس کا شکریہ ادا کیا۔ پولیس حکام کے مطابق شہریوں کے جان و مال کا تحفظ اولین ترجیح ہے اور عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ مشکوک سرگرمیوں کی فوری اطلاع پولیس کو دیں۔