انگلینڈ سے تعلق رکھنے والے یوئیفا کوالیفائڈ ماسٹر ٹرینر جان نکس نے لاہور کے علاقے ماڈل ٹاؤن میں واقع فیم فٹبال اکیڈمی کا دورہ کیا۔
اس موقع پر ڈی ایف اے لاہور کے صدر ضیاء عارف ڈوگر نے مہمان کوچ کا پرتپاک استقبال کیا، جبکہ محمد راشد، محمد اکرم اور شیخ شعیب بھی وہاں موجود تھے۔
اپنے دورے کے دوران جان نکس نے مقامی کوچز اجمل خان، محسن وٹو، افنان اور محمد مدثر کو خصوصی لیکچر دیا اور نوجوان فٹبالرز کو ٹریننگ کے جدید طریقے سکھائے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جان نکس کا کہنا تھا کہ اگرچہ پاکستان کرکٹ کی وجہ سے زیادہ مقبول ہے، لیکن یہاں فٹبال کا بھی بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے۔
انہوں نے فیم فٹبال اکیڈمی میں چھوٹے بچوں کو شوق سے کھیلتے دیکھ کر خوشی کا اظہار کیا اور اس بات پر زور دیا کہ فٹبال کے فروغ کے لیے 8 سے 12 سال کی عمر کے بچوں پر توجہ دینا ضروری ہے۔
جان نکس نے مزید کہا کہ اکیڈمی کی سطح پر جاری کوششوں کو دیکھ کر وہ پاکستان میں فٹبال کا مستقبل روشن دیکھ رہے ہیں۔