پاکستان ساؤتھ افریقہ چیمبر ٹریڈ فیڈریشن کے چیئرمین رفیق میمن اور سینئر نائب صدر سید معیز الدین نے کراچی پریس کلب میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے بتایا ہے کہ 13 مئی کو کراچی جیم خانہ میں "پاک افریقہ ٹریڈ انویسٹمنٹ کانفرنس" منعقد کی جا رہی ہے۔
اس کانفرنس میں آئی ٹی، ٹورزم اور ٹیکسٹائل سمیت مختلف شعبوں کے ماہرین شرکت کریں گے، جبکہ جنوبی افریقہ سے ایک خصوصی وفد بھی پہنچ رہا ہے تاکہ پاکستان اور 16 افریقی ممالک کے درمیان تجارتی روابط کو مزید مستحکم کرنے کے حوالے سے مشاورت کی جا سکے۔
چیئرمین رفیق میمن کا کہنا تھا کہ ایران کی حکومت سے بھی بینکاری اور دیگر سہولیات کی فراہمی پر بات چیت شروع ہو چکی ہے اور جلد ہی ایرانی چیمبر کے ساتھ ایک الائنس کیا جائے گا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ایران کی شمولیت سے پاکستان کی تجارت کا حجم 70 ارب ڈالر تک پہنچ سکتا ہے جس سے ملکی معیشت کو بڑا فائدہ ہوگا۔
نیوز کانفرنس میں بتایا گیا کہ 2014 میں قائم ہونے والی یہ فیڈریشن افریقہ ریجن میں اپنی شناخت بنا چکی ہے اور اس کے 16 ممالک سمیت پاکستان کے چاروں صوبوں میں دفاتر موجود ہیں۔
عہدے داروں نے مزید کہا کہ ماضی میں افریقی منڈیوں تک پاکستانی مصنوعات کی رسائی نہ ہونے کے برابر تھی، اسی خلا کو پر کرنے کے لیے فیڈریشن کام کر رہی ہے۔ اس سے قبل جنوبی افریقہ میں دو سمٹ ہو چکی ہیں، جن میں سے آخری سمٹ 2025 میں جنوبی افریقی حکومت کے تعاون سے منعقد کی گئی تھی۔