قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی سلمان علی آغا نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ ٹیسٹ میچ کا آخری دن انتہائی اہمیت کا حامل ہوگا اور اس وقت یہ کہنا قبل از وقت ہے کہ کس ٹیم کا پلڑا بھاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ترجیح میچ جیتنا ہے اور کل ہماری پوری کوشش ہوگی کہ بنگلا دیش کو جلد سے جلد آؤٹ کیا جائے تاکہ ہدف کا تعاقب ممکن ہوسکے۔
سلمان علی آغا کا کہنا تھا کہ اگر بنگلا دیش نے دلیری دکھائی اور ہمیں 70 اوورز میں 260 رنز کے لگ بھگ ہدف دیا تو ہم اسے حاصل کرنے کی بھرپور کوشش کریں گے، تاہم پچ کی صورتحال کے پیش نظر تیز کھیلنا کافی مشکل ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر دو سیشنز میں 250 رنز تک کا ہدف ملا تو اسے پورا کرنے کی کوشش کی جائے گی، لیکن ٹیسٹ کرکٹ کے پانچویں روز 40 اوورز میں 300 سے زائد رنز کا ہدف حاصل کرنا مشکل ثابت ہوتا ہے۔
انہوں نے پاکستانی بالرز کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ بالرز نے اچھی بالنگ کی ہے اسی لیے ان سے زیادہ اوورز کروائے گئے۔ سلمان علی آغا نے اس خواہش کا اظہار کیا کہ بنگلا دیش تیز کھیل کر ہمیں ہدف دے، تاہم انہوں نے واضح کیا کہ حریف ٹیم کی حکمت عملی کے بارے میں وہ یقین سے کچھ نہیں کہہ سکتے۔ ان کے مطابق پاکستان نے دوسرے روز اچھا کھیل پیش کیا تھا اور اب تمام تر توجہ میچ جیتنے پر مرکوز ہے۔