پریذیڈنٹ ٹرافی گریڈ ٹو گولڈ ٹورنامنٹ کا آغاز کل سے ہوگا

image

پریذیڈنٹ ٹرافی گریڈ ٹو گولڈ ٹورنامنٹ کا آغاز منگل سے ملک کے چار شہروں میں ہورہا ہے، جس میں 12 مئی سے 21 جون تک 45 تین روزہ نان فرسٹ کلاس میچز کھیلے جائیں گے۔

پی سی بی نے پریذیڈنٹ ٹرافی گریڈ ٹو کو گولڈ اور سلور ٹائرز میں تقسیم کیا ہے، جس کے تحت گولڈ ٹورنامنٹ میں 14 اور سلور میں 10 ڈیپارٹمنٹل ٹیمیں حصہ لیں گی، جبکہ سلور ٹورنامنٹ کا آغاز 18 مئی سے ہوگا۔

گولڈ ٹورنامنٹ کے پول اے میں ایشال ایسوسی ایٹس، جے ڈی ڈبلیو شوگر ملز، ایم آئی ٹی سلیوشنز، پی ایچ اے راولپنڈی، ریلویز، احمد گلاس اور کنگز مین اکیڈمی شامل ہیں، جن کے میچز ہری پور، ایبٹ آباد اور اسلام آباد میں ہوں گے۔ پول بی میں ایچ ای سی، کنگز مین، ونگ 999 اسپورٹس، غنی انسٹی ٹیوٹ، سردار گروپ، پورٹ قاسم اور وائٹل ٹی کی ٹیمیں راولپنڈی اور اسلام آباد کے مختلف گراؤنڈز میں مدمقابل ہوں گی۔

ٹورنامنٹ کی فائنلسٹ ٹیمیں اگلے ڈومیسٹک سیزن میں پریذیڈنٹ ٹرافی گریڈ ون فرسٹ کلاس اور پریذیڈنٹ کپ ون ڈے ٹورنامنٹ کھیلنے کی اہل قرار پائیں گی۔ ایبٹ آباد اور راولپنڈی میں ہونے والے مخصوص میچز لائیو اسٹریم بھی کیے جائیں گے۔ فاتح ٹیم کے لیے 50 لاکھ روپے اور رنرز اپ کے لیے 25 لاکھ روپے کی انعامی رقم رکھی گئی ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US