پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان شیڈول ون ڈے انٹرنیشنل سیریز کے لیے ٹکٹوں کی فروخت کا آغاز 22 مئی سے کیا جا رہا ہے، جس کے لیے شائقینِ کرکٹ آن لائن ویب سائٹ pcb.tcs.com.pk سے اپنی بکنگ کروا سکیں گے۔
دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا پہلا ون ڈے میچ 30 مئی کو راولپنڈی میں کھیلا جائے گا، جبکہ دوسرا اور تیسرا میچ بالترتیب 2 اور 4 جون کو لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں منعقد ہوگا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے ٹکٹوں کی مختلف قیمتیں مقرر کی گئی ہیں جس کے مطابق جنرل انکلوژر کا ٹکٹ 200 روپے، فرسٹ کلاس 300 روپے، پریمیم 400 روپے اور وی آئی پی ٹکٹ 500 روپے میں دستیاب ہوگا۔
راولپنڈی میں ہونے والے پہلے میچ کے لیے وی آئی پی گیلری کا ٹکٹ 1500 روپے کا ہوگا، جبکہ لاہور میں ہونے والے میچز کے لیے اقبال اور وی آئی پی انکلوژر کی قیمت 1000 روپے اور جناح و وی آئی پی انکلوژر کے ٹکٹ کی قیمت 1500 روپے مقرر کی گئی ہے۔
وہ شائقین جو کارپوریٹ باکسز یا ہاسپیٹیلٹی نشستیں حاصل کرنا چاہتے ہیں، انہیں پی سی بی ہیڈ آفس سے رابطہ کرنا ہوگا۔