کراچی میں فائرنگ کے پے در پے واقعات، چند گھنٹوں میں 3 شہری قتل، ایک زخمی

image

کراچی شہر میں فائرنگ کے واقعات میں ایک بار پھر خطرناک حد تک اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے، جہاں مختلف علاقوں میں چند گھنٹوں کے دوران پیش آنے والے فائرنگ کے واقعات میں 3 شہری جان کی بازی ہار گئے جبکہ ایک شخص زخمی ہوگیا۔

شہر کے مختلف علاقوں میں یکے بعد دیگرے ہونے والے ان واقعات نے شہریوں میں خوف و ہراس کی فضا قائم کردی ہے، جبکہ بڑھتی ہوئی اسٹریٹ کرائم اور مسلح وارداتوں پر سوالات اٹھنے لگے ہیں۔

پہلا واقعہ بلدیہ نادرن بائی پاس میں ایل پی جی گیس کمپنی کے قریب پیش آیا، جہاں نامعلوم ملزمان کی فائرنگ کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق مقتول کی شناخت 28 سالہ گلاب ولد یوسف کے نام سے ہوئی ہے۔ جاں بحق ہونے والے شخص کی لاش کو ایمبولینس ذریعے سول اسپتال منتقل کیا گیا۔

دوسرا واقعہ گلشن معمار افغان بستی ڈبل روڈ کے قریب پیش آیا، جہاں فائرنگ کے نتیجے میں 45 سالہ صاحب خان ولد مسافر جاں بحق ہوگیا۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق مقتول کو فوری طور پر عباسی اسپتال منتقل کیا گیا تاہم وہ جانبر نہ ہوسکا۔

اسی طرح تیسرا واقعہ سپر ہائی وے نیو سبزی منڈی ہنگورا گوٹھ کے قریب پیش آیا، جہاں فائرنگ کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق جبکہ ایک زخمی ہوگیا۔ جاں بحق ہونے والے شخص کی شناخت 25 سالہ سعید اللہ ولد خان سعید جبکہ زخمی کی شناخت 23 سالہ واحد ولد خان سعید کے نام سے ہوئی ہے۔ دونوں کو عباسی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں زخمی کو طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US