ایرانی تجارتی وفد کی ایف پی سی سی آئی کا دورہ، تاجر رہنماؤں سے ملاقات

image

ایرانی سرکاری حکام اور تجارتی وفد نے فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایف پی سی سی آئی) کراچی کا دورہ کیا اور پاکستانی تاجروں سے اہم ملاقات کی۔

سیستان و بلوچستان کے ڈپٹی گورنر کی قیادت میں آنے والے اس وفد میں چابہار فری زون کے سی ای او محمد سعید اربابی بھی شامل تھے۔ ملاقات کے دوران ایرانی وفد نے دونوں ممالک کے دیرینہ تعلقات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایران اور پاکستان ایک ہیں اور حالیہ جنگ کے بعد دونوں کے درمیان تجارت میں غیر معمولی اضافہ ہوا ہے۔ چابہار فری زون کے سی ای او نے پاکستان کے لیے چابہار کے قریب خصوصی فری ٹریڈ زون قائم کرنے کی پیشکش بھی کی۔

ملاقات میں بتایا گیا کہ تفتان کے علاوہ رمدان اور گبد کے نئے بارڈر پوائنٹس سے بھی تجارت جاری ہے۔ تاہم، پاکستانی تاجروں نے چند شکایات اور چیلنجز کی نشاندہی کی، جن میں کسٹم کی جانب سے سہولیات کی کمی اور ایف بی آر کی جانب سے اب تک تجارتی ماڈیول نہ بنانا شامل ہیں۔

تاجروں نے بتایا کہ اسٹیٹ بینک نے ایران کے ساتھ تجارت کے لیے تین ماہ کے لیے 'ایف آئی' کی پابندی ہٹائی ہے، مگر فی الحال بارٹر ٹریڈ میں صرف 9 اشیا شامل ہیں۔

اجلاس میں لاجسٹکس، گوشت، ٹرانسپورٹیشن، میری ٹائم اور چاول کے شعبوں میں سرمایہ کاری پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ایف پی سی سی آئی کے سینئر نائب صدر ثاقب فیاض مگوں نے براہ راست رابطوں اور بارٹر ٹریڈ کے مؤثر طریقہ کار کو فعال کرنے پر اتفاق کیا، جبکہ نائب صدر ناصر خان نے اس بات پر زور دیا کہ گوادر اور چابہار کی بندرگاہوں کو ایک دوسرے کے معاون کے طور پر استعمال کر کے خطے کو عالمی تجارت کا ٹرانزٹ ہب بنایا جاسکتا ہے۔ نائب صدر آصف سخی نے مزید کہا کہ پاکستان میں ایران کی حلال گوشت اور چاول کی ضروریات پوری کرنے کی بھرپور صلاحیت موجود ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US