شدید تنقید کی زد میں آئے پاکستانی ٹیسٹ کپتان شان مسعود نے بنگلا دیش کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں شکست کے بعد 'پینک بٹن' دبانے کے خلاف مشورہ دیتے ہوئے مداحوں اور ناقدین سے ٹیم کی کارکردگی کا معروضی جائزہ لینے کی اپیل کی ہے۔
ڈھاکا میں میڈیا کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شکست پر احتساب ہونا چاہیے اور ہر فرد کو اپنی ذمہ داری قبول کرنی ہوگی، تاہم کسی ایک پر الزام تراشی کے بجائے مجموعی کارکردگی کو دیکھنا ضروری ہے۔ انہوں نے میچ کے اس انداز میں ہارنے کو مایوس کن قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایک مرحلے پر ایسا لگ رہا تھا کہ ٹیم میچ ڈرا کرنے کی پوزیشن میں ہے۔
دسمبر 2023 سے ٹیم کی قیادت سنبھالنے والے شان مسعود نے واضح کیا کہ وہ اپنی صفائی میں بہانے پیش نہیں کریں گے لیکن یہ حقیقت ہے کہ پاکستان بہت طویل وقفوں کے بعد ٹیسٹ کرکٹ کھیل رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ برس ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز کے 12 ماہ بعد جنوبی افریقہ سے مقابلہ ہوا اور اب چھ ماہ کے وقفے کے بعد ٹیم بنگلا دیش آئی ہے، اس لیے ان عوامل کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا۔
کپتان نے مزید کہا کہ صرف ٹیم کی تبدیلی، کھلاڑیوں کی بے دخلی یا محض نوجوانوں کو موقع دینا ہی ہر مسئلے کا حل نہیں ہے۔