لاہور: نیشنل ہاکی اسٹیڈیم میں کھلاڑیوں کے دو روزہ ٹرائیلز کا آغاز

image

لاہور کے نیشنل ہاکی اسٹیڈیم میں پاکستان ہاکی ٹیم کے ممکنہ کھلاڑیوں کے دو روزہ ٹرائیلز کا آغاز ہوگیا ہے، جہاں سلیکشن کمیٹی کھلاڑیوں کی کارکردگی کا جائزہ لے رہی ہے۔

چیف سلیکٹر سمیع اللہ خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ فی الحال 41 میں سے 17 کھلاڑیوں کا انتخاب کیا جائے گا، جبکہ مزید 17 کھلاڑی بیرون ملک سے آئیں گے اور عید سے قبل مجموعی طور پر 34 کھلاڑیوں کے حتمی ٹرائیلز ہوں گے۔

انہوں نے واضح کیا کہ پرو ہاکی لیگ کے لیے 20 کھلاڑیوں کا انتخاب کیا جائے گا اور ٹیم کی کوشش ہونی چاہیے کہ انٹرنیشنل میچز میں شکست کا مارجن کم کیا جائے۔

سمیع اللہ خان کا کہنا تھا کہ ان کی خواہش ہے کہ پاکستان ٹیم ورلڈ کپ میں بہترین کارکردگی دکھا کر ٹاپ ٹین رینکنگ میں شامل ہو، کیونکہ رینکنگ میں بہتری پاکستان ہاکی کے لیے نیک شگون ہوگی۔

انہوں نے موجودہ کھلاڑیوں میں اسپیڈ کی کمی پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جونیئر کھلاڑیوں میں وہ ٹیمپو نظر نہیں آیا جو ہونا چاہیے تھا، تاہم سینئر کھلاڑیوں کی شمولیت سے بہتری کی امید ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ہاکی کی بحالی کے لیے ایک مضبوط سسٹم بنانا ہوگا اور ایشین گیمز کے بعد ہی پاکستان ہاکی کی اصل شکل نظر آنا شروع ہوگی۔

چیف سلیکٹر نے مزید کہا کہ وہ غیر ملکی کوچ کے بجائے غیر ملکی ٹرینر کی خدمات حاصل کرنے کے حق میں ہیں تاکہ کھلاڑیوں کی فٹنس کو عالمی معیار کے مطابق بنایا جاسکے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US