انمول پنکی راولپنڈی، اسلام آباد، لاہور میں بھی منشیات سپلائی میں ملوث رہی ہے، تحقیقاتی ذرائع

image

کراچی سے گرفتار ہونے والی مبینہ کوکین ڈیلر انمول عرف پنکی سے متعلق تحقیقات میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ تحقیقاتی ذرائع کے مطابق ملزمہ نہ صرف کراچی بلکہ راولپنڈی، اسلام آباد اور لاہور میں بھی منشیات سپلائی کرنے میں ملوث رہی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ کراچی سے پنجاب اور وفاقی دارالحکومت تک منشیات کی ترسیل ایک منظم نیٹ ورک کے تحت کی جاتی تھی، جس میں مختلف شہروں کے ڈیلرز اور سپلائرز شامل تھے۔

تحقیقاتی اداروں نے مکمل نیٹ ورک تک رسائی حاصل کرنے کے لیے کراچی، لاہور اور اسلام آباد میں آئس اور دیگر منشیات فروشی کے مقدمات میں گرفتار ملزمان سے بھی تفتیش کا فیصلہ کیا ہے۔

ادھر پنجاب پولیس نے ملزمہ انمول عرف پنکی کا کرمنل ریکارڈ جمع کرنا شروع کردیا ہے۔ ذرائع کے مطابق ریکارڈ کو سی سی ڈی اور منشیات ونگ کے ذریعے چیک کیا جا رہا ہے، جبکہ کاؤنٹر نارکوٹکس فورس نے بھی بڑے پیمانے پر آپریشن شروع کر رکھا ہے۔

حکام کے مطابق گزشتہ 10 دنوں کے دوران 73 مبینہ ڈیلرز کو گرفتار کیا جا چکا ہے، جن سے ملزمہ کے حوالے سے بھی پوچھ گچھ کی جا رہی ہے۔ اس کے علاوہ انمول کے بارے میں دیگر اضلاع سے بھی ریکارڈ طلب کرلیا گیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹھوس شواہد سامنے آنے پر کراچی پولیس کو آگاہ کیا جائے گا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US