پی سی بی پوڈکاسٹ کے 74ویں ایڈیشن میں گفتگو کرتے ہوئے شاہد انور نے کہا کہ انڈر 19 ایشیا کپ میں کامیابی پی سی بی کے اعتماد، مضبوط منصوبہ بندی اور کھلاڑیوں و سپورٹ اسٹاف کی انتھک محنت کا نتیجہ تھی۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ایچ بی ایل پی ایس ایل میں شرکت نے نوجوان کھلاڑیوں کو ذہنی طور پر مضبوط بنایا ہے اور بین الاقوامی کرکٹرز کے ساتھ ڈریسنگ روم شیئر کرنے سے ان کے کھیل میں نمایاں بہتری آئی ہے۔
شاہد انور کا کہنا تھا کہ انڈر 19 سطح پر دباؤ کو سنبھالنا کھلاڑیوں کی ترقی کا اہم حصہ ہے، اسی لیے تربیتی کیمپوں میں نوجوانوں کو مختلف میچ صورتحال اور دباؤ والے حالات کے لیے خصوصی طور پر تیار کیا گیا۔ انہوں نے نوجوان کرکٹرز کو مشورہ دیا کہ وہ بڑے خواب دیکھیں اور ان کے حصول کے لیے مزید محنت کریں کیونکہ پاکستان کی گرین شرٹ پہننا ایک بڑی ذمہ داری ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایشیا کپ جیتنے کے بعد اب ہماری ذمہ داریاں مزید بڑھ گئی ہیں، جس کے پیشِ نظر مستقبل کے ٹورنامنٹس اور آئی سی سی انڈر 19 ورلڈ کپ کے لیے بھرپور تیاریاں شروع کردی گئی ہیں تاکہ کھلاڑی ملک کے لیے بہترین کارکردگی کا تسلسل برقرار رکھ سکیں۔