پاکستان نے پوٹھوہار ریجن کے ادھی آئل فیلڈ میں تیل و گیس کے شعبے میں اہم کامیابی حاصل کرلی ہے جہاں ختم ہونے کے قریب ایک کنویں کو دوبارہ فعال بنا دیا گیا ہے۔
پاکستان پٹرولیم لمیٹڈ کے مطابق ساؤتھ ٹو کنویں کو مقامی مہارت کے ذریعے بحال کیا گیا جس کے لیے ہائیڈرولک ٹیکنالوجی اور سائیڈ ٹریکنگ تکنیک استعمال کی گئی جبکہ پانی کے اخراج کو بھی مؤثر طریقے سے کنٹرول کیا گیا۔
حکام کے مطابق 24-2023 میں اس کنویں کی پیداوار 800 بیرل یومیہ سے کم ہو کر 200 بیرل تک آگئی تھی تاہم کامیاب ورک اوور کے بعد اب یہاں سے 850 بیرل یومیہ تیل حاصل کیا جا رہا ہے۔
پی پی ایل کے مطابق کنویں سے یومیہ تقریباً 10 لاکھ اسٹینڈرڈ کیوبک فٹ گیس بھی حاصل ہو رہی ہے جو توانائی کے شعبے میں اہم اضافہ ہے۔کنواں پی پی ایل، او جی ڈی سی ایل اور پی او ایل کی مشترکہ ملکیت ہے۔
ماہرین کے مطابق اس کامیابی کے بعد ادھی آئل اینڈ گیس فیلڈ میں دیگر کنوؤں کی پیداوار بڑھانے کے امکانات بھی روشن ہو گئے ہیں۔