خیبر پختونخوا کے شائقین کرکٹ کے لیے خوشخبری ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے 'خیبر پختونخوا چیمپئنز لیگ' (کے سی ایل) کی باضابطہ منظوری دے دی ہے۔
جشنِ آزادی اور معرکہ حق کی مناسبت سے اس بڑے کرکٹ میلے کا آغاز 14 اگست سے پشاور میں ہوگا، جبکہ ٹورنامنٹ کا فائنل 23 اگست کو کھیلا جائے گا۔ اس لیگ میں صوبے کی 6 بڑی ٹیمیں ٹائٹل کے لیے مدمقابل ہوں گی، جن میں پاکستان کے موجودہ اسٹارز اور سابق انٹرنیشنل کرکٹرز بھی ایکشن میں نظر آئیں گے۔
گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی کو کے سی ایل کا پیٹرن اِن چیف مقرر کیا گیا ہے، جبکہ لیگ کے برینڈ ایمبسڈر اور کمشنر کے لیے بڑے ٹیسٹ کرکٹرز سے رابطے جاری ہیں۔ یہ لیگ نوجوان ٹیلنٹ کو قومی سطح پر خود کو منوانے کا بہترین پلیٹ فارم فراہم کرے گی، جس کے لیے پاکستان بھر میں اوپن ٹرائلز کے ذریعے نئے کھلاڑیوں کو ڈرافٹ کا حصہ بنایا جائے گا۔
کھلاڑیوں کی رجسٹریشن جلد آفیشل ویب سائٹ kcl20.com پر شروع ہوگی اور اس ایونٹ کو دنیا بھر میں لائیو براڈکاسٹ کیا جائے گا۔