چیئرمین پاکستان والی بال فیڈریشن چوہدری یعقوب نے سالانہ کلینڈر جاری کردیا

image

پاکستان والی بال فیڈریشن کے چیئرمین چوہدری یعقوب نے لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے والی بال کا سالانہ کیلنڈر جاری کردیا ہے۔

انہوں نے اعلان کیا کہ 55 ویں نیشنل والی بال چیمپئن شپ 19 سے 23 مئی تک واہ کینٹ میں منعقد ہوگی جس میں چاروں صوبوں سمیت ڈیپارٹمنٹل ٹیمیں شرکت کریں گی۔ اس کے علاوہ پاکستان 3 سے 10 جولائی تک لاہور میں سینٹرل ایشین مینز والی بال چیمپئن شپ کی میزبانی کرے گا، جس میں افغانستان، بنگلا دیش، سری لنکا، قازقستان، مالدیپ، کرغزستان، نیپال اور بھارت کی ٹیمیں مدعو ہیں۔ بھارت کی شرکت کے حوالے سے انہوں نے واضح کیا کہ بھارتی ٹیم نے باضابطہ تصدیق کردی ہے اور ان کے ویزوں کے لیے متعلقہ اداروں سے بات چیت جاری ہے۔

چوہدری یعقوب نے ملکی تاریخ میں پہلی بار "پاکستان نیشنل لیگ" شروع کرنے کا اعلان بھی کیا، جس کا پہلا ایڈیشن 19 جولائی سے 5 اگست تک لاہور میں کھیلا جائے گا۔ اس لیگ میں 6 فرنچائز ٹیمیں حصہ لیں گی اور ہر ٹیم میں دو انٹرنیشنل کھلاڑی شامل ہوں گے۔ بین الاقوامی مقابلوں کے حوالے سے انہوں نے بتایا کہ پاکستان کی انڈر 18 ٹیم بحرین میں ایشین چیمپئن شپ اور انڈر 17 ٹیم ورلڈ چیمپئن شپ میں شرکت کرے گی، جبکہ سینئر ٹیم ستمبر میں جاپان میں ہونے والے ایشین گیمز 2026 میں ملک کی نمائندگی کرے گی۔

انہوں نے مزید بتایا کہ قومی ٹیم کے لیے ہسپانوی (اسپینش) کوچ کی خدمات حاصل کی جا رہی ہیں اور ویمن والی بال کے فروغ کے لیے اسپانسر شپ کے ذریعے فنڈز کا انتظام کیا جا رہا ہے۔ میڈیا ٹاک کے دوران انہوں نے اس خواہش کا اظہار بھی کیا کہ پاکستان اسپورٹس بورڈ میں کھیلوں سے حقیقی دلچسپی رکھنے والی شخصیت کو ڈی جی تعینات ہونا چاہیے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US