ایڈیشنل انسپکٹر جنرل آف پولیس کراچی رینج آزاد خان نے گزشتہ روز عدالت میں ملزمہ انمول عرف پنکی کو غیر مناسب طریقہ کار کے تحت پیش کرنے کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے انکوائری افسر تبدیل کردیا ہے۔
کراچی پولیس آفس سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق، ایس ایس پی ساؤتھ منظور علی کو دی گئی انکوائری کی ذمہ داری منسوخ کر دی گئی ہے اور اب ڈی آئی جی پی ویسٹ زون عرفان علی بلوچ کو نیا انکوائری افسر نامزد کیا گیا ہے۔
نامزد انکوائری افسر کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ 12 مئی 2026 کو ملزمہ کی عدالت میں پیشی کے دوران ضابطہ کار کی خلاف ورزی کے واقعے کی تفصیلی تحقیقات کریں، ذمہ داروں کا تعین کریں اور پولیس اہلکاروں کی غفلت سے متعلق اپنی رپورٹ تین دن کے اندر جمع کرائیں۔
ایڈیشنل آئی جی کراچی نے واضح کیا ہے کہ انکوائری رپورٹ کی روشنی میں غفلت کے مرتکب اہلکاروں کے خلاف مزید قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔