راولپنڈی: غیر قانونی کال سینٹر کے خلاف این سی سی آئی اے کی کارروائی، 61 ملزمان گرفتار

image

نیشنل سائبر کرائم انویسٹیگیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) راولپنڈی سرکل نے غیر قانونی فارن لون ریکوری اسکیم میں مبینہ طور پر ملوث کال سینٹر کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 61 ملزمان کو گرفتار کرلیا، جبکہ کارروائی کے دوران 71 موبائل فونز اور 155 لیپ ٹاپس برآمد کرلیے گئے۔

این سی سی آئی اے کے مطابق راولپنڈی کے علاقے کمرشل مارکیٹ، سیٹلائٹ ٹاؤن میں غیر قانونی کال سینٹر قائم ہونے کی خفیہ اطلاع موصول ہوئی تھی، جہاں سے مبینہ طور پر بیرون ملک شہریوں کو غیر قانونی قرضوں کی وصولی کے نام پر دھمکایا اور ہراساں کیا جارہا تھا۔

اطلاع ملنے پر این سی سی آئی اے راولپنڈی سرکل نے ٹیم تشکیل دے کر کال سینٹر پر چھاپہ مارا، جہاں کارروائی کے دوران 61 افراد کو گرفتار کیا گیا۔ گرفتار ملزمان کے قبضے سے 71 موبائل فونز اور 155 لیپ ٹاپس برآمد کیے گئے، جبکہ تمام ڈیجیٹل آلات اور ڈیٹا کو فرانزک تجزیے کے لیے تحویل میں لے لیا گیا۔

این سی سی آئی اے کے مطابق ابتدائی تفتیش میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ ملزمان مبینہ طور پر جعلی ریکوری ایجنٹس بن کر غیر ملکی شہریوں کو دھمکیاں دیتے اور ان سے رقوم وصول کرتے تھے، جس سے متاثرہ شہریوں کو ذہنی اذیت کا سامنا کرنا پڑتا تھا اور پاکستان کی ساکھ بھی متاثر ہورہی تھی۔

ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے جبکہ مزید تفتیش اور تکنیکی و فرانزک تجزیہ جاری ہے۔

ڈی جی این سی سی آئی اے سید علی ناصر رضوی نے کہا کہ غیر قانونی کال سینٹرز ملک کی ساکھ اور عوام کے اعتماد کے لیے بڑا خطرہ ہیں، این سی سی آئی اے سائبر کرائم کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل پیرا ہے۔

انہوں نے کہا کہ غیر قانونی کال سینٹرز اور سائبر فراڈ میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی، جبکہ نیشنل سائبر کرائم انویسٹیگیشن ایجنسی شہریوں کے تحفظ کے لیے ہمہ وقت متحرک ہے۔

این سی سی آئی اے نے شہریوں سے اپیل کی کہ کسی بھی سائبر جرم کی اطلاع سائبر ہیلپ لائن 1799 پر یا قریبی این سی سی آئی اے سرکل میں درج کرائی جائے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US