لاہور میں ایک غیر ملکی خاتون کے ساتھ مبینہ اجتماعی زیادتی کا واقعہ سامنے آیا ہے، پولیس نے خاتون کی درخواست پر تین نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی۔
تھانہ ڈیفنس سی لاہور میں درج مقدمے کے مطابق آذربائیجان کے شہر باکو سے تعلق رکھنے والی 20 سالہ ڈیانا گزشتہ 15 سے 20 روز سے کاروباری سلسلے میں پاکستان میں مقیم ہے۔
خاتون نے پولیس کو دی گئی درخواست میں مؤقف اختیار کیا کہ 25 ستمبر کو دو نامعلوم لڑکیاں اسے ڈنر کے لیے ایک نامعلوم کیفے میں لے گئیں، جہاں تین نامعلوم لڑکے بھی موجود تھے۔ خاتون کے مطابق وہ دونوں لڑکیوں کو سامنے آنے پر شناخت کرسکتی ہے۔
درخواست کے مطابق تینوں لڑکوں نے اسے گاڑی میں سیر کروانے کی پیشکش کی اور مبینہ طور پر اسے ایک نامعلوم مقام پر واقع فلیٹ میں لے گئے۔ خاتون نے الزام عائد کیا کہ ملزمان نے شراب میں مبینہ طور پر کوئی نشہ آور یا بے ہوش کرنے والی چیز ملا کر اسے پلائی، جس کے بعد وہ بے ہوش ہوگئی۔
خاتون کے بیان کے مطابق تینوں افراد نے باری باری اسے مبینہ جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا اور بعد ازاں اسے اسی مقام پر محبوس رکھا۔
درخواست گزار کے مطابق 26 ستمبر کو تقریباً شام 4 بجے ملزمان اسے غازی انٹرچینج، نیٹ سول بلڈنگ کے قریب فروٹ چوک کے مقام پر چھوڑ کر فرار ہوگئے۔ خاتون نے الزام عائد کیا کہ ملزمان اس کا سامان بھی لے گئے، جس میں آئی فون 13 اور ریڈمی موبائل فون شامل ہیں۔
خاتون کے مطابق ایک راہگیر سے موبائل فون حاصل کرکے اس نے پولیس ایمرجنسی 15 پر کال کی اور واقعے سے آگاہ کیا۔
پولیس نے خاتون کی درخواست پر نامعلوم ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے واقعے کی مزید تفتیش اور قانونی کارروائی شروع کردی ہے۔