افغان شہریوں کے منسوخ شدہ شناختی کارڈ مبینہ طور پر بحال کرنے کی کوشش کے الزام میں نادرا کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر آفتاب کو گرفتار کرلیا گیا۔
ذرائع کے مطابق گرفتار نادرا افسر نے مبینہ طور پر منسوخ شناختی کارڈ بحال کرنے کے لیے 12 کروڑ روپے وصول کیے تھے۔ گرفتاری کے بعد سی ٹی ڈبلیو نے ملزم کے گھر پر بھی چھاپہ مارا، جہاں سے 19 لاکھ روپے نقد برآمد ہونے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزم نے مبینہ طور پر وصول کی گئی رقم سے حویلیاں اور جی-15 میں پلاٹ بھی خریدے۔
حکام کی جانب سے معاملے کی مزید تحقیقات جاری ہیں، جبکہ ملزم سے مبینہ طور پر شناختی کارڈ بحالی کے نیٹ ورک اور دیگر افراد کے حوالے سے بھی تفتیش کی جا رہی ہے۔