ڈسٹرکٹ ویسٹ پولیس کراچی نے منگھوپیر کے علاقے میں ہاؤس روبری کی متعدد وارداتوں میں ملوث دو اہم ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔ ایس ایس پی ویسٹ طارق الٰہی مستوئی کی ہدایت پر تشکیل دی گئی ٹیم نے ایس ایچ او پاکستان بازار کی سربراہی میں کارروائی کرتے ہوئے ملزمان دلاور عرف طارق اور محمد رضوان عرف آصف عرف راجو کو گرفتار کیا۔
پولیس کے مطابق ملزمان کی نشاندہی پر وارداتوں کے دوران استعمال کی جانے والی جعلی پولیس یونیفارم برآمد کر لی گئی ہے۔ گرفتار ملزم دلاور عرف طارق منگھوپیر میں ہاؤس روبری کی ایک ایف آئی آر میں پہلے سے نامزد تھا، جبکہ ہاؤس روبری کے ایک اور مقدمے میں مدعی نے دونوں ملزمان کو شناخت کر لیا ہے۔
گرفتار ملزمان کو 8 ستمبر کو مہران سٹی منگھوپیر میں دوران واردات قتل ہونے والے نوجوان روشم حسین کے کیس میں بھی شامل تفتیش کر لیا گیا ہے۔ اس قتل کیس کی مزید تحقیقات ایس آئی یو اور سی آئی اے حکام کر رہے ہیں۔ پولیس نے ملزمان کو مزید تفتیش کے لیے متعلقہ تفتیشی حکام کے سپرد کر دیا ہے جبکہ اس پیشرفت سے مقتول روشم حسین کے والد روئیداد حسین کو بھی آگاہ کر دیا گیا ہے۔