خیبر پختونخوا کے ضلع ٹانک کے علاقے وزیر آباد بازار میں نامعلوم مسلح ملزمان نے ٹریفک پولیس کی موبائل پر فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں 3 اہلکار شہید ہوگئے۔
ڈی پی او عبدالصمد خان کے مطابق فائرنگ کے وقت ٹریفک اہلکار موبائل میں موجود تھے جبکہ واقعے کے بعد ملزمان فرار ہوگئے۔ ملزمان ٹریفک پولیس کی موبائل بھی ساتھ لے گئے تھے جسے بعدازاں گرہ بڈھا سے برآمد کرلیا گیا۔
پولیس کے مطابق فائرنگ سے 2 راہ گیر بھی زخمی ہوئے جبکہ اے ایس آئی عصمت اللہ کو زخمی حالت میں ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر اسپتال منتقل کردیا گیا۔
ڈی پی او کا کہنا ہے کہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے تمام شاہراہوں اور پیدل راستوں کی ناکہ بندی کرکے تلاش شروع کردی گئی ہے۔