پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں تیزی کے بعد مندی کا رجحان آج بھی برقرار رہا جبکہ کاروباری دن کا اختتام منفی زون میں ہوا۔
کاروبار کے دوران مارکیٹ میں شدید اتار چڑھاؤ دیکھا گیا جہاں ایک موقع پر ہنڈریڈ انڈیکس میں 1077 پوائنٹس کی تیزی ریکارڈ کی گئی تاہم بعد ازاں مارکیٹ 1052 پوائنٹس تک نیچے چلی گئی۔
ٹریڈنگ کے دوران 168 ہزار پوائنٹس کی حد بحال ہونے کے باوجود مارکیٹ اسے برقرار نہ رکھ سکی جبکہ پاکستان اسٹاک ایکسچینج 167 ہزار پوائنٹس کی نفسیاتی حد بھی گنوا بیٹھی۔
کاروبار کے اختتام پر 100 انڈیکس 952 پوائنٹس کی کمی کے ساتھ 166 ہزار 499 پوائنٹس پر بند ہوا۔
مارکیٹ ذرائع کے مطابق بینکنگ، آئل اینڈ گیس اور فرٹیلائزر سیکٹرز کے شیئرز میں فروخت کے دباؤ کے باعث مندی دیکھی گئی۔
بروکرز کا کہنا ہے کہ ایران اور امریکا کے درمیان بڑھتی کشیدگی اور عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں اضافے نے بھی سرمایہ کاروں کے اعتماد کو متاثر کیا جس کے اثرات مقامی اسٹاک مارکیٹ پر نمایاں رہے۔