ایس ای سی پی نے چھوٹے سرمایہ کاروں کے لیے میوچل فنڈز میں سرمایہ کاری کو مزید آسان بناتے ہوئے ریگولیٹری فریم ورک میں ترمیم کا سرکلر جاری کر دیا ہے۔
ان اصلاحات کے تحت ایسٹ مینجمنٹ کمپنیوں میں فوری ڈیجیٹل اکاؤنٹ کھولنے کی سہولت فراہم کی گئی ہے، جس میں بینکوں یا مالیاتی اداروں کے موجودہ صارفین کے لیے کے وائی سی (KYC) کی شرط ختم کردی گئی ہے۔
اب چھوٹے سرمایہ کاروں کو اضافی دستاویزات جمع کرانے کی ضرورت نہیں ہوگی اور جدید بائیومیٹرک تصدیق کے ذریعے آن لائن اکاؤنٹ کھولنا ممکن ہوگا۔
نئی ترامیم کے مطابق کم رسک میوچل فنڈ اکاؤنٹس کی سرمایہ کاری کی حد میں نمایاں اضافہ کیا گیا ہے۔ 'سہل اکاؤنٹس' کی حد 2 لاکھ روپے سے بڑھا کر 10 لاکھ روپے، جبکہ 'سہولت اکاؤنٹس' کی حد 8 لاکھ روپے سے بڑھا کر 30 لاکھ روپے کردی گئی ہے۔
ایس ای سی پی کے چیئرمین ڈاکٹر کبیر سدھو کا کہنا ہے کہ ان اصلاحات کا مقصد زیادہ سے زیادہ لوگوں کو کیپٹل مارکیٹ میں شامل کرنا ہے تاکہ عوام سرمایہ کاری اور منافع کے ذریعے معاشی ترقی کے ثمرات سے فائدہ اٹھا سکیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ پاکستان کی کیپٹل مارکیٹ میں سرمایہ کاروں کی تعداد 25 لاکھ تک بڑھانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔