وفاقی وزیر برائے پیٹرولیم علی پرویز ملک نے قطر کے سفیر برائے پاکستان، عزت مآب علی بن مبارک الخاطر سے پیٹرولیم ڈویژن میں ملاقات کی، جس میں توانائی خصوصاً ایل این جی کی مسلسل فراہمی اور مستقبل میں تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں وفاقی وزیر نے مشکل وقت میں پاکستان کو ایل این جی کارگو فراہم کرنے پر قطر کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ عرصے میں آبنائے ہرمز میں ٹریفک کی مشکلات اور موسمِ گرما میں بجلی کی طلب میں اضافے کے باعث پاکستان کو توانائی چیلنجز کا سامنا تھا، تاہم قطر کی بروقت معاونت سے صورتحال کو بہتر بنانے میں مدد ملی۔
علی پرویز ملک نے بتایا کہ وہ قطر کے وزیر توانائی سعد شریدہ الکعبی سے مسلسل رابطے میں رہے، جس کے نتیجے میں دو ایل این جی کارگو کامیابی سے پاکستان پہنچ چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان دوست اور برادر ممالک سے توانائی کی ضروریات پوری کرنے کو ترجیح دیتا ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے سے بچا جاسکے۔
قطری سفیر نے پاکستان کے ساتھ مکمل تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ قطر کی قیادت نے انہیں پاکستان کی توانائی ضروریات پوری کرنے کے لیے ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات کو سراہا اور خطے میں امن و استحکام کے لیے پاکستان کے کردار کی بھی تعریف کی۔
وفاقی وزیر نے اس موقع پر کہا کہ موجودہ علاقائی صورتحال سے اہم اسباق حاصل ہوئے ہیں اور حکومت، وزیر اعظم، فیلڈ مارشل اور نائب وزیر اعظم کی قیادت میں ایک جامع انرجی سیکیورٹی پالیسی پر کام کر رہی ہے تاکہ پاکستان کو بیرونی انحصار اور ممکنہ رکاوٹوں سے محفوظ بنایا جاسکے۔
ملاقات کے اختتام پر دونوں فریقین نے پاکستان اور قطر کے درمیان توانائی کے شعبے میں تعاون مزید بڑھانے اور ایل این جی کی مستحکم و مستقل فراہمی کے لیے قریبی رابطہ جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔