پاکستان کے بائیں ہاتھ کے اسپنر سفیان مقیم قومی ذمہ داریوں (نیشنل ڈیوٹی) کے باعث وٹالیٹی بلاسٹ کے پہلے ہاف میں ڈربی شائر کاؤنٹی کو دستیاب نہیں ہوں گے۔
اس صورتحال کے پیش نظر ڈربی شائر نے فاسٹ بالر عاکف جاوید کے ساتھ معاہدہ کرلیا ہے اور انہیں سفیان مقیم کے متبادل کھلاڑی کے طور پر اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔
عاکف جاوید وٹالیٹی بلاسٹ میں ڈربی شائر کی نمائندگی کریں گے، جس پر ان کا کہنا ہے کہ وہ پہلی مرتبہ اس ٹورنامنٹ میں کھیلنے کے حوالے سے انتہائی پرجوش ہیں۔ سفیان مقیم اپنی بین الاقوامی مصروفیات مکمل کرنے کے بعد کاؤنٹی کو جوائن کریں گے۔