ویتنام کے سفیر فام آن توان کا وفد کے ہمراہ کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ

image

ویتنام کے سفیر فام آن توان نے وفد کے ہمراہ کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ کیا اور تاجر برادری سے ملاقات کی۔ اس موقع پر سفیر نے انکشاف کیا کہ پاکستان اور ویتنام کے درمیان ترجیحی تجارت کے معاہدے (PTA) پر مذاکرات جاری ہیں، جس کے نتیجے میں 100 سے زائد اشیاء پر ٹیرف صفر ہوجائے گا۔ انہوں نے کہا کہ بدلتی ہوئی عالمی تجارتی صورتحال میں کراچی خطے کا ایک ابھرتا ہوا ٹرانس شپمنٹ مرکز بن رہا ہے۔

ویتنامی وفد نے بتایا کہ ویتنام کا مجموعی تجارتی حجم 930 ارب ڈالر تک پہنچ گیا ہے، جس میں برآمدات 475 ارب ڈالر اور درآمدات 455 ارب ڈالر ہیں، تاہم پاکستان اور ویتنام کے درمیان موجودہ تجارتی حجم محض 85 کروڑ ڈالر ہے جو کہ دونوں ممالک کی صلاحیت سے بہت کم ہے۔

کراچی چیمبر کے صدر ریحان حنیف نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی روابط اور تجارتی تعاون میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ باہمی کوششوں سے دو طرفہ تجارتی حجم کو باآسانی دو ارب ڈالر تک بڑھایا جا سکتا ہے۔ ویتنامی سفیر نے دونوں ممالک کے نجی شعبوں کے درمیان براہ راست رابطے بڑھانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US