لاہور چیمبر آف کامرس کے تحت پیڈل ٹورنامنٹ کا باقاعدہ آغاز

image

لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے زیر اہتمام پاکستان کی تاریخ کے سب سے بڑے پیڈل ٹورنامنٹ کا باقاعدہ آغاز ہوگیا ہے۔

صوبائی وزیر کھیل ملک فیصل ایوب کھوکھر نے ٹورنامنٹ کا افتتاح کیا جبکہ اس موقع پر صدر لاہور چیمبر فہیم الرحمٰن سہگل اور سینئر نائب صدر تنویر احمد شیخ بھی موجود تھے۔

صوبائی وزیر نے کامیاب ایونٹ کے انعقاد پر لاہور چیمبر کی انتظامیہ کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پیڈل کا کھیل تیزی سے مقبول ہورہا ہے اور ایسے ایونٹس نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کی طرف راغب کرنے میں مددگار ثابت ہوں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب حکومت وزیر اعلیٰ کے وژن کے مطابق نوجوانوں کو کھیلوں کی بہترین سہولیات فراہم کر رہی ہے۔

صدر لاہور چیمبر فہیم الرحمن سہگل نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کھیلوں کے فروغ سے ہی ایک صحت مند معاشرہ تشکیل پاتا ہے اور یہ ٹورنامنٹ نئے ٹیلنٹ کو سامنے لانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ انہوں نے کاروباری برادری اور نوجوانوں کے لیے اس قسم کے مقابلوں کو خوش آئند قرار دیا۔

اس چار روزہ ٹورنامنٹ میں 150 سے زائد ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔ افتتاحی تقریب میں ایگزیکٹو کمیٹی کے ممبران، کنوینئر ذیشان ارشد اور بلال حفیظ سمیت دیگر شخصیات نے بھی شرکت کی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US