بحری تعلیم کے فروغ کے لیے اسکالرشپس اور تربیتی پروگرامز شروع کرنے کا فیصلہ

image

وفاقی وزیر بحری امور جنید انوار چوہدری کی زیرِ صدارت میری ٹائم ایجوکیشنل انڈومنٹ فنڈ کے قیام سے متعلق اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں میری ٹائم تعلیم کے فروغ، اسکالرشپس اور صلاحیت سازی کے پروگراموں پر تفصیلی غور کیا گیا۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ عالمی بلیو اکانومی کے تقاضوں سے ہم آہنگ جدید تعلیم وقت کی اہم ضرورت ہے۔ ان کے مطابق مجوزہ فنڈ کے ذریعے طلبہ کے لیے اسکالرشپس، تربیتی پروگرامز اور استعداد کار بڑھانے کے منصوبے شروع کیے جائیں گے۔

انہوں نے بتایا کہ فنڈ کو خود کفیل مالی نظام کے تحت چلانے کی تجویز زیر غور ہے تاکہ اس کے فوائد طویل مدت تک طلبہ اور میری ٹائم سیکٹر کو حاصل ہوتے رہیں۔

اجلاس میں گوادر پورٹ کے چیئرمین نے فنڈ کے مجوزہ ڈھانچے پر بریفنگ دیتے ہوئے 10 رکنی بورڈ تشکیل دینے کی تجویز پیش کی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ بورڈ میں سرکاری و نجی شعبے کی نمائندگی کے ساتھ صنفی شمولیت کو بھی یقینی بنایا جائے گا۔

وفاقی وزیر جنید انوار نے کہا کہ اس اقدام سے طلبہ کے لیے اسکالرشپس اور تربیتی مواقع میں نمایاں اضافہ ہوگا جبکہ آئندہ 10 برسوں میں تقریباً 65 ہزار طلبہ کے اس منصوبے سے مستفید ہونے کی توقع ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US