ایف بی آر اور جیولرز مذاکرات میں اہم پیشرفت، معاہدے کا ابتدائی خاکہ تیار

image

مہینوں سے جاری وفاقی بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) اور جیولرز نمائندوں کے درمیان مذاکرات میں اہم پیشرفت سامنے آئی ہے جس کے تحت دونوں فریقین نے معاہدے کا ابتدائی خاکہ تیار کرلیا ہے۔

ذرائع کے مطابق جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن نے ٹیکس طریقہ کار 2026 کا مسودہ ایف بی آر کو پیش کردیا ہے جس پر مزید مشاورت جاری ہے۔

صرافہ ایسوسی ایشن کے صدر قاسم شکار پوری نے بتایا کہ نیا مجوزہ نظام انکم ٹیکس آرڈیننس 2001 کی دفعہ 99C کے تحت متعارف کرایا گیا ہے جس کا مقصد ٹیکس نظام کو سادہ اور شفاف بنانا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جیولرز کو ٹرن اوور کی بنیاد پر سادہ اور واضح ٹیکس نظام فراہم کیا جائے گا، جبکہ زرگر، ریٹیلرز، مینوفیکچررز اور بلین ڈیلرز کے لیے الگ الگ فائنل ٹیکس شرح مقرر کی گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق نئے نظام کے تحت جیولرز کو سادہ ریٹرن جمع کرانے اور اسٹاک کو گرام یا تولہ کی بنیاد پر ظاہر کرنے کی سہولت دی جائے گی جبکہ ٹیکس ادائیگی کے بعد دوبارہ اضافی اسیسمنٹ یا کارروائی نہیں ہوگی۔

صرافہ ایسوسی ایشن کے مطابق اس نظام کا مقصد کاروبار کو آسان، شفاف اور مستحکم بنانا ہے۔

دوسری جانب ایف بی آر ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کا گولڈ سیکٹر بڑی حد تک غیر دستاویزی ہے اور ٹیکس نیٹ سے باہر ہے جبکہ ملک کے 17 ہزار جیولرز میں سے 13 ہزار ٹیکس نیٹ میں شامل نہیں۔

ذرائع کے مطابق ایف بی آر اور جیولرز نمائندوں کے درمیان گزشتہ پانچ ماہ میں مذاکرات کے متعدد دور ہو چکے ہیں اور اب معاہدے کی جانب پیشرفت جاری ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US