پاکستان ہاکی فیڈریشن نے کوریا کو 4 ٹیسٹ میچز پر مشتمل ہاکی سیریز کھیلنے کے لیے پاکستان مدعو کر لیا ہے۔
پی ایچ ایف کے صدر محی الدین وانی نے نجی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ سیریز سے متعلق ابتدائی بات چیت جاری ہے اور فیڈریشن کی خواہش ہے کہ یہ سیریز جولائی کے آخری ہفتے میں پاکستان میں منعقد کی جائے۔
انہوں نے کہا کہ ابھی مذاکرات جاری ہیں جن کے بعد حتمی فیصلہ کیا جائے گا کہ میچز ایک ہی شہر میں کھیلے جائیں گے یا مختلف شہروں میں انعقاد ہوگا۔
محی الدین وانی کے مطابق اگر یہ سیریز طے پا جاتی ہے تو یہ پاکستان میں بین الاقوامی ہاکی کی واپسی کے حوالے سے ایک اہم پیشرفت ہوگی۔
انہوں نے مزید بتایا کہ پاکستان ہاکی ٹیم 15 سے 30 اگست کے دوران ہونے والے ہاکی ورلڈ کپ کی تیاریوں کے لیے کوریا کے خلاف یہ سیریز کھیلنے کی خواہشمند ہے۔عالمی درجہ بندی کے مطابق پاکستان 12ویں جبکہ کوریا 20ویں نمبر پر ہے۔