قومی ٹیم دوسرے ٹیسٹ کے لیے تیار، بابر اعظم مکمل فٹ ہیں، سرفراز احمد

image

قومی ٹیسٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ سرفراز احمد نے سلہٹ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ بابر اعظم دوسرے ٹیسٹ میچ کے لیے دستیاب اور مکمل فٹ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پلیئنگ الیون کا اعلان ٹاس کے بعد کیا جائے گا جبکہ بارش کے باعث ممکن ہے ٹیم میں کچھ تبدیلیاں بھی کی جائیں۔

سرفراز احمد کے مطابق پہلے ٹیسٹ کے نتیجے سے مایوسی ضرور ہوئی ہے لیکن ٹیم ماضی کو پیچھے چھوڑ کر آگے بڑھ رہی ہے اور دوسرے میچ میں بہتر کارکردگی کی امید ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ موسم ہمارے ہاتھ میں نہیں، ہم یہاں اچھی کرکٹ کھیلنے آئے ہیں اور اچھا ہی کھیلیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کوچ اور کھلاڑی کی سوچ مختلف ہوتی ہے لیکن مقصد ایک ہی ہوتا ہے۔

ہیڈ کوچ نے بابر اعظم کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ پی ایس ایل میں بہترین کارکردگی دکھا چکے ہیں اور اس وقت ذہنی طور پر بھی مکمل فریش ہیں۔

سرفراز احمد نے کہا کہ تنقید کھیل کا حصہ ہے اور جب کارکردگی اچھی نہ ہو تو سوالات اٹھتے ہیں تاہم ٹیم سوشل میڈیا کی تنقید سے پریشان نہیں ہوتی۔

انہوں نے محمد رضوان کے حوالے سے کہا کہ وہ بہترین وکٹ کیپر ہیں کبھی کبھار پریشر آ جاتا ہے لیکن امید ہے وہ اگلے میچ میں وکٹ کیپنگ اور بیٹنگ دونوں میں بہتر کارکردگی دکھائیں گے۔

سرفراز احمد نے مزید کہا کہ پلیئنگ الیون پہلے ہی فائنل کر لی گئی ہے لیکن حالات کے مطابق تبدیلی ممکن ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ٹیم میں تمام کھلاڑیوں سے بات چیت ہو چکی ہے اور امید ہے تجربہ کار کھلاڑی ذمہ داری کا مظاہرہ کریں گے۔

انہوں نے نوجوان کھلاڑیوں عبداللہ فضل اور آذان اویس کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ دونوں نے اچھا کھیل پیش کیا ہے اور مستقبل میں بھی امیدیں وابستہ ہیں۔

سرفراز احمد کے مطابق ٹاس کا فیصلہ درست تھا اور ٹیسٹ کرکٹ میں وہی ٹیم کامیاب ہوتی ہے جو ڈسپلن برقرار رکھتی ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US