پاکستان ہاکی فیڈریشن کے میڈیا سیل کے مطابق اسلام آباد میں انڈر 18 ایشیا کپ جاپان کی تیاریوں کے لیے لگائے گئے تربیتی کیمپ میں قومی کرکٹ ٹیم کے سابق مایہ ناز وکٹ کیپر اور ورلڈ کلاس کرکٹر راشد لطیف نے خصوصی دورہ کیا۔
اپنے دورے کے دوران انہوں نے کیمپ میں موجود نوجوان کھلاڑیوں سے ملاقات کی اور انڈر 18 ایشیا کپ جیسے اہم بین الاقوامی ایونٹ کی تیاریوں پر ان کی بھرپور حوصلہ افزائی کی۔
سابق کپتان راشد لطیف نے نوجوان کھلاڑیوں کو کھیل کی باریکیوں اور دباؤ کی صورتحال سے نمٹنے کے حوالے سے مفید مشورے دیے اور امید ظاہر کی کہ یہ باصلاحیت کھلاڑی جاپان میں پاکستان کا نام روشن کریں گے۔
اس موقع پر انڈر 18 ہاکی ٹیم کے ہیڈ کوچ اولمپین قمر ابراہیم اور کوچ اولمپین ریحان بٹ بھی موجود تھے، جنہوں نے راشد لطیف کی کیمپ آمد اور کھلاڑیوں کا حوصلہ بڑھانے پر ان کا شکریہ ادا کیا۔
ہیڈ کوچ قمر ابراہیم اور کوچ ریحان بٹ نے سابق کرکٹر کو کیمپ میں جاری تربیتی سیشنز اور کھلاڑیوں کی فٹنس و کارکردگی کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ بھی دی۔