سیکریٹری اسپورٹس پنجاب کی زیر صدارت کھیلوں کی ترقیاتی اسکیموں سے متعلق اجلاس

image

لاہور میں سیکریٹری اسپورٹس پنجاب فضل الرحمن کی زیر صدارت کھیلوں کی ترقیاتی اسکیموں کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں صوبے کے تمام ڈویژنز میں زیر تعمیر اسپورٹس اسکیموں پر پیشرفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کے دوران سیکریٹری اسپورٹس پنجاب نے شمالی، جنوبی اور سنٹرل پنجاب کے متعلقہ افسران سے پراگریس بریفننگ لی۔

سیکریٹری اسپورٹس پنجاب فضل الرحمن نے بتایا کہ اس وقت پنجاب بھر میں کھیلوں کی 184 اسکیموں پر کام تیزی سے جاری ہے، جن میں سے سنٹرل پنجاب میں 69، جنوبی پنجاب میں 45 اور شمالی پنجاب میں 59 سکیمیں شامل ہیں۔ انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ ان تمام زیر تعمیر اسکیموں کو جلد سے جلد مکمل کیا جائے، تاہم تعمراتی کام کے معیار اور کوالٹی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

فضل الرحمن نے فنڈز کے استعمال پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پچھلی میٹنگ میں فنڈز کا استعمال 70 فیصد تھا جو اب بڑھ کر 75 فیصد ہو چکا ہے، جو خوش آئند بات ہے۔ انہوں نے اس کارکردگی پر افسران کے کام کی تعریف کی اور تاکید کی کہ ترقیاتی اسکیموں کی تکمیل میں حائل تمام رکاوٹوں کو فوری طور پر دور کیا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب کے تمام ڈویژنز میں جدید اسپورٹس کمپلیکس تعمیر کیے جا رہے ہیں جن کا بنیادی مقصد صوبے میں اسپورٹس کا فروغ ہے۔

اس اہم اجلاس میں ایڈیشنل سیکریٹری شبیر حسین چیمہ، ڈپٹی ڈائریکٹر پلاننگ مرزا ندیم، ڈی جی اسپورٹس پنجاب طارق قریشی اور پی ایم یو (PMU) اسپورٹس کے دیگر اعلیٰ افسران نے بھی شرکت کی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US