کے-الیکٹرک کے ترجمان کے مطابق کریڈٹ ریٹنگ ایجنسی 'وی آئی ایس' (VIS) نے کمپنی کی 'ڈبل اے / اے ون پلس' (AA/A-1+) کریڈٹ ریٹنگ اور اسٹیبل آؤٹ لک کی توثیق کردی ہے، جو سرمایہ کاروں اور مالیاتی اداروں کے اعتماد کی عکاس ہے۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ ریٹنگ ایجنسی نے کے-الیکٹرک کی قلیل مدتی مالی ذمہ داریوں کی بروقت ادائیگی کی صلاحیت کو مضبوط قرار دیا ہے، جبکہ کمپنی کے کیش فلو بھی قرضوں کی ادائیگی میں مسلسل معاون ثابت ہورہے ہیں جس کے باعث سرمایہ کاروں کا کے-الیکٹرک کی کارکردگی اور مستقبل کے ترقیاتی منصوبوں پر اعتماد برقرار ہے۔
ترجمان نے مزید بتایا کہ وی آئی ایس کے مطابق کے-الیکٹرک کی طویل مدتی مالی صورتحال ریگولیٹری فیصلوں سے منسلک ہے، اور اس ضمن میں ملٹی ایئر ٹیرف فریم ورک کے تحت ہونے والی ریگولیٹری پیش رفت کے-الیکٹرک کی مالی منصوبہ بندی کے لیے انتہائی اہم ہے۔
ترجمان کا مؤقف ہے کہ وی آئی ایس کی جانب سے ریٹنگ برقرار رہنا واضح طور پر کے-الیکٹرک کے مالیاتی استحکام کو ظاہر کرتا ہے۔