ایشین چیمپیئن پاکستان انڈر 19 کرکٹ ٹیم ستمبر میں انگلینڈ کا دورہ کریگی

image

ایشین چیمپیئن پاکستان انڈر 19 کرکٹ ٹیم رواں سال ستمبر میں کرکٹ سیریز کھیلنے کے لیے انگلینڈ کا دورہ کرے گی، جہاں پاکستان اور انگلینڈ کی انڈر 19 ٹیموں کے درمیان یہ سیریز 2 سے 16 ستمبر تک کھیلی جائے گی۔

اس دورے کے شیڈول میں ایک چار روزہ میچ اور چار ایک روزہ میچز شامل کیے گئے ہیں۔ شیڈول کے مطابق، دونوں ٹیموں کے درمیان واحد چار روزہ میچ 2 سے 5 ستمبر تک آرنڈل میں کھیلا جائے گا، جس کے بعد سیریز کا پہلا ایک روزہ میچ بھی 9 ستمبر کو اسی گراؤنڈ پر ہوگا۔ سیریز کا دوسرا ون ڈے میچ 12 ستمبر کو گلڈفورڈ میں منعقد کیا جائے گا، جبکہ تیسرے اور چوتھے ون ڈے میچز بالترتیب 14 اور 16 ستمبر کو ورمزلے کے میدان پر کھیلے جائیں گے۔

واضح رہے کہ پاکستان انڈر 19 ٹیم حالیہ عرصے میں بہترین فارم میں رہی ہے؛ قومی نوجوان ٹیم نے دسمبر 2025 میں دبئی میں کھیلے گئے اے سی سی مینز انڈر 19 ایشیا کپ کے فائنل میں روایتی حریف بھارت کو 191 رنز کے بھاری مارجن سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کیا تھا۔ اس کے بعد، جنوری 2026 میں زمبابوے میں ہونے والی تین ملکی سیریز میں بھی پاکستان انڈر 19 ٹیم نے افغانستان اور میزبان زمبابوے کو ہرا کر کامیابی حاصل کی تھی، جبکہ رواں سال آئی سی سی انڈر 19 ورلڈ کپ کے دوران بھی قومی ٹیم نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے پانچ میچوں میں سے تین میں فتح حاصل کی تھی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US