ممبئی انڈینز کے کھلاڑیوں کیخلاف "نسل پرستانہ" جملے کسنے پر ارشدیپ سنگھ مشکلات کا شکار

image

انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کے رواں سیزن میں میدان سے باہر ایک نیا اور سنگین تنازع کھڑا ہوگیا ہے، جہاں بھارتی ٹیم اور پنجاب کنگز کے بائیں ہاتھ کے تیز گیند باز ارشدیپ سنگھ ممبئی انڈینز کے دو کھلاڑیوں کے خلاف "نسل پرستانہ" جملے کسنے کے بعد شدید مشکلات کا شکار ہوگئے ہیں۔ اس واقعے کی ویڈیو سامنے آنے کے بعد کرکٹ شائقین کی جانب سے سوشل میڈیا پر سخت ردعمل سامنے آیا ہے۔

حیران کن طور پر اس سال کا آئی پی ایل میدان کے اندر ہونے والے مقابلوں سے زیادہ میدان سے باہر کے تنازعات کی زد میں ہے، کیونکہ ارشدیپ کے اس رویے کے علاوہ ممبئی انڈینز اور بھارتی ٹیم کے سینئر آل راؤنڈر ہاردک پانڈیا کا رویہ بھی گزشتہ کئی دنوں سے شدید تنقید کی زد میں ہے۔

رپورٹس کے مطابق، ارشدیپ سنگھ نے اپنے ہی ساتھی بھارتی کھلاڑی تلک ورما اور ایک اور نوجوان کرکٹر نمن دھیر کی رنگت کے حوالے سے مبینہ طور پر نسل پرستانہ تبصرے کیے، جس پر سوشل میڈیا پر ہنگامہ کھڑا ہو گیا اور اس معاملے نے اب بھارتی کرکٹ بورڈ (BCCI) کی توجہ بھی حاصل کرلی ہے۔ بات یہیں ختم نہیں ہوئی، بلکہ جب ایک کرکٹ مداح نے سوشل میڈیا پر ارشدیپ کو ان کے اس رویے پر ٹوکا اور نصیحت کرنے کی کوشش کی، تو ارشدیپ نے پلٹ کر اس مداح کی مالی و سماجی حیثیت کا بھی مذاق اڑایا، جس نے جلتی پر تیل کا کام کیا۔

اس سنگین معاملے پر ردعمل دیتے ہوئے سابق بھارتی ٹیسٹ اسپنر لکشمن سیواراماکرشنن نے بی سی سی آئی سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ ارشدیپ کے اس برے رویے اور تکبر پر ان کے خلاف سخت تادیبی کارروائی کرتے ہوئے ان پر پابندی عائد کی جائے۔ واضح رہے کہ تلک ورما ممبئی انڈینز کی نمائندگی کرتے ہیں اور انہوں نے جمعرات کی رات شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے اپنی ٹیم کو پنجاب کنگز کے خلاف فتح دلانے میں اہم کردار ادا کیا تھا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US