آئی سی سی اجلاس: ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فارمیٹ میں بڑی تبدیلیوں پر غور

image

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے اجلاس رواں ماہ دو مرحلوں میں منعقد ہوں گے جن میں کرکٹ کے اہم معاملات پر غور کیا جائے گا۔

کرکٹ ویب سائٹ کے مطابق آئی سی سی چیف ایگزیکٹو کمیٹی کا ورچوئل اجلاس 21 مئی کو ہوگا جبکہ بورڈ میٹنگ 30 اور 31 مئی کو بھارت کے شہر احمد آباد میں منعقد ہوگی۔

چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کے احمد آباد اجلاس میں ورچوئل شرکت کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

اجلاس میں ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فارمیٹ میں تبدیلیوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ سابق نیوزی لینڈ کرکٹر راجر ٹووز کی سربراہی میں ورکنگ گروپ نے اس حوالے سے نئی تجاویز تیار کر لی ہیں۔

تجویز کے مطابق ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں ٹیموں کی تعداد 9 سے بڑھا کر 12 کرنے پر غور کیا جائے گا، جبکہ زمبابوے، آئرلینڈ اور افغانستان کو شامل کرنے کی تجویز بھی زیر بحث آئے گی۔

مزید یہ کہ ایک ٹیسٹ میچ پر مشتمل سیریز کو بھی ڈبلیو ٹی سی پوائنٹس میں شامل کرنے کی تجویز پیش کی جائے گی، جبکہ موجودہ فارمیٹ میں ہر سیریز میں کم از کم دو ٹیسٹ میچز لازمی ہیں۔

آئی سی سی کو امید ہے کہ جولائی میں ایڈنبرا اجلاس تک نئے ڈبلیو ٹی سی اسٹرکچر پر کام مکمل کر لیا جائے گا۔

واضح رہے کہ دوحہ میں شیڈول اجلاس مشرق وسطیٰ کی صورتحال کے باعث مؤخر کیے گئے تھے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US