خود کو سرکاری ادارے کے افسر ظاہر کرنے والے 2 جعلساز گرفتار

image

وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) اینٹی کرپشن سرکل کراچی نے ایک بڑی کارروائی کرتے ہوئے جعلی سرکاری نمائندے بننے والے دو ملزمان کو گرفتار کر کے ان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے۔

ایف آئی اے کراچی زون کے ترجمان کے مطابق، ملزمان احتشام راؤ اور شمائلہ خان "نیشنل پیس فورس کمیٹی فار انٹرفیتھ ہارمونی پاکستان" نامی تنظیم کی آڑ میں خود کو سرکاری نمائندہ ظاہر کرتے تھے۔ ملزمان واٹس ایپ پیغامات اور وزٹنگ کارڈز کا استعمال کرتے ہوئے حکومتی نمائندے بن کر ایف آئی اے افسران تک رسائی حاصل کرنے کی کوششوں میں مصروف تھے۔

دورانِ انکوائری ملزمان اپنے ان دعوؤں کے حق میں کوئی قانونی اختیار یا سرکاری نوٹیفکیشن پیش کرنے میں ناکام رہے۔ ملزمان کے موبائل فونز کے تجزیے کے دوران جعلی دستاویزات، ممبرشپ کارڈز اور حکومتِ پاکستان کے قومی نشان و لوگو والے جعلی نوٹیفکیشنز برآمد ہوئے، جنہیں وہ غیر قانونی طور پر استعمال کر رہے تھے۔

ایف آئی اے ترجمان کا کہنا ہے کہ ملزمان کے خلاف دفعات 419، 420، 468، 471 اور 109 پی پی سی کے تحت مقدمہ درج کر کے دونوں کو گرفتار کرلیا گیا ہے اور واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے۔ ایف آئی اے نے عزم کا اظہار کیا ہے کہ سرکاری اداروں کے نام اور قومی نشان کا غلط استعمال کرنے والے عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US