قومی وائٹ بال ٹیم کے کوچ مائک ہیسن نے لاہور میں جاری وائٹ بال کیمپ کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا ہے کہ آج کیمپ کے سلسلے میں قذافی اسٹیڈیم میں ایک پریکٹس میچ کھیلا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ کئی ایسے نئے کھلاڑی موجود ہیں جن کے ساتھ پہلے بات چیت کا موقع نہیں ملا تھا، اور اب یہ بہترین موقع ہے کہ وہ ان نئے لڑکوں اور سینئر پلیئرز کے ساتھ مل کر کام کریں۔
مائک ہیسن کا کہنا تھا کہ لاہور میں اس وقت کافی گرمی ہے لیکن اس کے باوجود تمام کھلاڑی بھرپور اور اچھی ٹریننگ کر رہے ہیں۔ انہوں نے اپنی صحت کے حوالے سے بتایا کہ پاکستان آنے سے پہلے انہیں کچھ صحت کے مسائل درپیش تھے جس کی وجہ سے وہ گھر گئے تھے۔
انہوں نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے پی ایس ایل میچز کو کافی انجوائے کیا، جہاں کئی نئے کھلاڑیوں نے شاندار کارکردگی دکھائی۔ قومی کوچ نے امید ظاہر کی کہ آسٹریلیا کے خلاف آنے والی سیریز کی تیاریوں کے لیے یہ کیمپ انتہائی مفید اور کارآمد ثابت ہوگا۔