ڈرگ ڈیلر انمول پنکی کے نت نئے انکشافات کا سلسلہ جاری

image

کراچی میں منشیات فروشی کے الزام میں گرفتار "کوکین کوئن" انمول عرف پنکی نے تفتیش میں اعتراف کیا ہے کہ وہ مشہور ویب سیریز "بریکنگ بیڈ" اور "منی ہائسٹ" سے متاثر ہو کر جرائم کی دنیا میں آئی اور جعلی یونیفارم اور کھانے کے ڈبوں کا استعمال کرکے فرضی رائڈرز کے ذریعے منشیات سپلائی کرتی تھی۔

ڈی آئی جی ساؤتھ اسد رضا کے مطابق، پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے پنکی کے اکاؤنٹنٹ ذیشان کے بھائی سہیل کو بھی گرفتار کرلیا ہے۔ دونوں بھائیوں کے اکاؤنٹس سے کروڑوں روپے کی ٹرانزکشنز اور غیر ملکیوں کو 84 لاکھ روپے منتقل کرنے کے شواہد ملے ہیں، جبکہ ملزمہ کے اب تک 8 اکاؤنٹس سامنے آنے پر پولیس نے بے نامی اکاؤنٹس کی تفتیش کے لیے ایف آئی اے سے رجوع کرلیا ہے۔

کیس کی تحقیقات کے لیے قائم اعلیٰ سطحی کمیٹی کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ منشیات استعمال کرنے والے جو متاثرہ افراد رضاکارانہ طور پر سامنے آئیں گے، انہیں مقدمے میں گواہ بنایا جائے گا۔

اس کے علاوہ ملزمہ کے بیانات کی روشنی میں ملوث اعلیٰ سیاسی اور شوبز شخصیات سے تفتیش کا لائحہ عمل تیار کیا جا رہا ہے اور ملزمہ کو پولیس کی جانب سے ملنے والی مبینہ سہولیات کی بھی جانچ کی جا رہی ہے۔ کراچی اور لاہور سے گرفتار ملزمان کے انکشافات کے بعد شہر میں سرگرم دیگر ڈرگ کارٹیلز کا سراغ لگانے کے لیے غیر ملکیوں سمیت 11 ملزمان سے تفتیش مزید تیز کردی گئی ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US