کراچی پورٹ پر صاف بندرگاہ، محفوظ سمندر مہم کے تحت آپریشن میں تیزی لاتے ہوئے دو ہفتوں کے دوران سمندر سے 58 ہزار کلوگرام کچرا صاف کرلیا گیا۔
وفاقی وزیر جنید انوار چوہدری کی ہدایت پر جاری مہم کے حوالے سے حکام کا کہنا ہے کہ سمندری آلودگی کے خاتمے اور ماحول دوست بندرگاہوں کے قیام کے لیے مؤثر اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ سمندری حیات کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدام اٹھایا جائے گا، جبکہ پلاسٹک ویسٹ سمندری ماحول کے لیے سنگین خطرہ بنتا جا رہا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ صفائی آپریشن میں 487 اہلکاروں اور 159 کشتیوں نے حصہ لیا، جبکہ جمع کیے گئے کچرے کو ماحولیاتی اصولوں کے مطابق محفوظ طریقے سے تلف کیا جا رہا ہے۔
جنید انوار چوہدری کے مطابق صفائی مہم سے کراچی بندرگاہ کی آپریشنل کارکردگی بہتر ہوگی اور صاف، محفوظ اور ماحول دوست بندرگاہوں کے قیام کے حکومتی وژن کو مزید تقویت ملے گی۔