زیر عتاب ٹیسٹ کپتان شان مسعود آئی سی سی کی اہم جیوری میں شامل

image

پاکستان کے زیرِ عتاب ٹیسٹ کپتان، شان مسعود کو انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی جانب سے تشکیل دی گئی اس جیوری میں شامل کیا گیا ہے جو گزشتہ 25 سالوں کے عظیم ترین بین الاقوامی کرکٹرز کا انتخاب کرے گی۔

شان اس جیوری میں شامل دوسرے پاکستانی ہیں، جبکہ دوسرے رکن پاکستان کے سابق عظیم کھلاڑی وسیم اکرم ہیں۔

کرکٹ حلقوں میں بہت سے لوگوں کے لیے شان کی شمولیت حیران کن ہے، تاہم ایک معتبر ذرائع کا کہنا ہے کہ ان کی نامزدگی پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے دی گئی ایک تجویز کی بنیاد پر کی گئی تھی جب جیوری کو حتمی شکل دی جا رہی تھی۔

گزشتہ سال پی سی بی کی جانب سے شان کو 'ڈائریکٹر انٹرنیشنل کرکٹ اینڈ پلیئرز افیئرز' کے عہدے کی پیشکش کی گئی تھی، لیکن انہوں نے اسے مسترد کردیا تھا کیونکہ وہ بطور کپتان آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کا سائیکل مکمل کرنا چاہتے تھے۔

لیکن بنگلا دیش میں جاری ٹیسٹ سیریز میں بنگلا دیش کے خلاف پاکستان کو دوسری ممکنہ شکست کا سامنا ہے، جس کے پیشِ نظر اس بات کا امکان بہت کم ہے کہ شان بنگلا دیش کے ہاتھوں ایک اور 'ٹو-نل (2-0)' وائٹ واش کے بعد بطور کپتان برقرار رہ سکیں۔

ایک ذریعے کے مطابق، شان اپنے مضبوط تعلیمی پس منظر اور کرکٹ کے تجربے کی وجہ سے اب پی سی بی کے اس عہدے کو قبول کرسکتے ہیں۔

آئی سی سی کی اس جیوری میں کئی ممالک کے کھلاڑی شامل ہیں، جن میں بھارت کے چیف سلیکٹر اجیت اگرکر، عرفان پٹھان، چیتشور پجارا اور روی شاستری بھی شامل ہیں۔

اس جیوری میں ڈیوڈ گاور، این بشپ، مارک باؤچر، کارلوس بریتھویٹ، ٹام موڈی، گریگ چیپل، میتھیو ہیڈن، ایرون فنچ، اینڈریو فلاور، ایلن ڈونلڈ، فاف ڈو پلیسس، ڈینیئل ویٹوری، روس ٹیلر، شین واٹسن، جوناتھن ٹراٹ، ٹم ساؤتھی اور آئن مورگن بھی شامل ہیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US