نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی نے پنجاب کے مختلف شہروں میں کارروائی کرتے ہوئے واٹس ایپ فراڈ اور موبائل ہیکنگ میں ملوث 15 رکنی گروہ کو گرفتار کرلیا۔
حکام کے مطابق گرفتار ملزمان آن لائن فراڈ کی متعدد وارداتوں میں ملوث تھے اور خود کو سرکاری افسر ظاہر کر کے شہریوں سے رقوم بٹورتے تھے۔ گروہ کے ارکان موبائل فونز اور واٹس ایپ اکاؤنٹس ہیک کر کے مزید شہریوں کو بھی نشانہ بناتے تھے۔
تحقیقات کے دوران یہ بات بھی سامنے آئی ہے کہ ملزمان جعلی انعامات، گفٹس اور ٹیکس ادائیگی کے بہانے شہریوں سے رقم حاصل کرتے تھے۔
حکام نے بتایا کہ کارروائی کے دوران 16 موبائل فونز، جعلی واٹس ایپ اکاؤنٹس اور دیگر مشتبہ ڈیجیٹل شواہد بھی برآمد کیے گئے ہیں۔
مزید بتایا گیا کہ گرفتار گروہ کے سہولت کاروں کی تلاش جاری ہے جبکہ اس کیس میں مزید گرفتاریاں بھی متوقع ہیں۔