قازقستان کے 12 رکنی اعلیٰ سطحی وفد نے بحری شعبے میں سرمایہ کاری کے مواقع کا جائزہ لینے کے لیے کراچی پورٹ ٹرسٹ (کے پی ٹی) کا تفصیلی دورہ کیا۔ اس موقع پر چیئرمین کے پی ٹی، چیئرمین پورٹ قاسم اور چیئرمین گوادر پورٹ نے وفد کو بندرگاہی آپریشنز، انفراسٹرکچر اور مستقبل کے ترقیاتی منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی۔
ملاقات کے دوران چیئرمین کے پی ٹی نے قازق وفد کو ٹرانس شپمنٹ، آف ڈاک اور ملٹی پرپز ٹرمینلز، میری ٹائم بزنس سمیت میرین ورکشاپ منوڑہ میں ڈرائی ڈاک اور فلوٹنگ ڈاک جیسے اہم شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع سے آگاہ کیا۔ بریفنگ میں کراچی پورٹ کے اسٹریٹجک محلِ وقوع اور علاقائی تجارت میں اس کے بڑھتے ہوئے کلیدی کردار کو خصوصی طور پر اجاگر کیا گیا، جس پر وفد نے کراچی اور گوادر بندرگاہوں میں سرمایہ کاری کے لیے گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔
علاوہ ازیں، نیشنل لاجسٹکس کارپوریشن (این ایل سی) کے حکام نے بھی وفد کو پاکستان کے راستے وسطی ایشیا سے منسلک علاقائی ملٹی ماڈل تجارتی راہداریوں (کوریڈورز) کے حوالے سے اہم معلومات فراہم کیں۔