ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سے قبل آئی سی سی ویمنز رینکنگ کی تازہ ترین اپ ڈیٹ جاری کردی گئی ہے، جس میں زمبابوے کے خلاف تین میچوں کی ٹی ٹوئنٹی سیریز میں کلین سوئپ کی بدولت پاکستانی کھلاڑیوں کی رینکنگ میں نمایاں بہتری آئی ہے اور قومی کرکٹرز بڑی چھلانگیں لگانے میں کامیاب رہی ہیں۔
تازہ ترین رینکنگ کے مطابق، پاکستان کی مایہ ناز اسپنر سعدیہ اقبال ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں بدستور دنیا کی نمبر ون بالر کے اعزاز پر برقرار ہیں۔ قومی ٹیم کی کپتان فاطمہ ثناء نے زمبابوے کے خلاف شاندار آل راؤنڈ کارکردگی کے باعث بیٹنگ اور بالنگ دونوں رینکنگز میں ترقی پاتی ہے۔ فاطمہ ثناء ٹی ٹوئنٹی بیٹرز کی رینکنگ میں اپنے کیریئر کی بہترین 23ویں پوزیشن پر پہنچ گئی ہیں، جبکہ آل راؤنڈرز کی فہرست میں وہ چھٹے نمبر پر موجود ہیں۔
دیگر کھلاڑیوں میں، اسپنر نشرہ سندھو بہترین بالنگ کے بعد ٹی ٹوئنٹی بالرز رینکنگ میں ساتویں پوزیشن پر آگئی ہیں، جبکہ طوبیٰ حسن کی رینکنگ میں 16 درجے کی واضع بہتری آئی ہے جس کے بعد وہ دنیا کی ٹاپ 50 بالرز میں شامل ہوگئی ہیں۔
بیٹنگ رینکنگ میں عائشہ ظفر اور ایمان فاطمہ نے غیر معمولی ترقی کی ہے۔ عائشہ ظفر نے 190 درجے کی بڑی چھلانگ لگا کر 52 واں نمبر حاصل کرلیا ہے، جبکہ ایمان فاطمہ 305 درجے کی غیر معمولی بہتری کے ساتھ رینکنگ میں 89 ویں پوزیشن پر آگئی ہیں۔
عالمی کھلاڑیوں کی بات کی جائے تو انگلینڈ کی فاسٹ بالر لارین بیل ون ڈے بالرز رینکنگ میں ترقی پا کر 18ویں نمبر پر پہنچ گئی ہیں، جبکہ نیوزی لینڈ کی بیٹر بروک ہالیڈے ون ڈے بیٹنگ رینکنگ میں بہتری کے بعد 14ویں پوزیشن پر براجمان ہیں۔