آسٹریلیا کی مقبول ترین ٹی ٹوئنٹی لیگ، بگ بیش لیگ (BBL) کے اگلے سیزن کا آغاز بھارت سے ہونے کا امکان ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق، بگ بیش لیگ کے افتتاحی میچز کی میزبانی بھارت کا شہر چنائی کرے گا اور اس سلسلے میں باقاعدہ کام کا آغاز کردیا گیا ہے۔
رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ بگ بیش لیگ کا پہلا میچ رواں سال دسمبر میں بھارت میں کھیلا جائے گا۔ اس سلسلے میں کرکٹ آسٹریلیا کو تامل ناڈو کرکٹ ایسوسی ایشن اور بھارتی کرکٹ بورڈ (BCCI) کی جانب سے انتہائی مثبت فیڈ بیک ملا ہے، جس کے بعد کرکٹ آسٹریلیا نے افتتاحی میچ کے لیے چنائی کے وینیو کا انتخاب کیا ہے۔
اس منصوبے کو حتمی شکل دینے کے لیے کرکٹ آسٹریلیا کے ایک 5 رکنی وفد نے چنائی کا دورہ کیا اور وہاں ایک اہم میٹنگ میں شرکت کی۔ آسٹریلوی وفد نے چنائی میں انڈین پریمیئر لیگ (IPL) کے دوران چنائی سپر کنگز کا آخری ہوم میچ بھی اسٹیڈیم میں دیکھا اور وینیو کی ریکی (معائنہ) مکمل کی۔ اس موقع پر بھارتی بورڈ کے صدر متھن منہاس بھی وینیو پر موجود تھے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق، کرکٹ بورڈز کے درمیان معاملات آگے بڑھنے کے باوجود حکومتی سطح پر ابھی کچھ امور طے ہونا باقی ہیں، جس کے بعد ہی اس تاریخی فیصلے کا حتمی اور باقاعدہ اعلان کیا جائے گا۔