کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن میں عوام نے بھتہ مانگنے پر پولیس کے مبینہ بیٹر کا گھیراؤ کرلیا، موٹر سائیکل سوار بھتہ خور نے عوام کا جم غفیر دیکھ کر موقع سے فرار ہونے میں عافیت جانی۔
ذرائع کے مطابق معطل پولیس اہلکار ظہور نے اورنگی ٹاؤن میں عین مسجد کے سامنے جانوروں کی منڈی لگا کر مبینہ طور پر بھتہ وصولی شروع کررکھی ہے، گزشتہ روز بھتہ طلبی کے معاملے پر شہریوں اور بیوپاریوں نے اسے پکڑلیا تاہم عوام کے اشتعال کو دیکھ کر مبینہ بیٹر نے موقع سے فرار کو ہی موقع غنیمت جانا۔
معطل پولیس اہلکار ظہور عوام کے غیض و غضب کو دیکھتے ہوئے انتہائی مشکل سے اپنی جان بچا کر وہاں سے فرار ہوگیا۔ مذکورہ واقعے کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی ہے، جس میں مبینہ بیٹر کو موٹر سائیکل پر فرار ہوتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔
علاقہ مکینوں نے مطالبہ کیا ہے کہ مسجد کے سامنے سے مویشی منڈی کو فوری ختم کیا جائے اور بیٹر ظہور اور ایس ایچ او کے خلاف کارروائی کی جائے۔