پاکستان میں موبائل فون درآمدات اور مقامی پیداوار میں نمایاں اضافہ

image

پاکستان میں موبائل فون کی درآمدات میں رواں مالی سال کے دوران نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جبکہ مقامی سطح پر موبائل فون مینوفیکچرنگ اور اسمبلنگ کے شعبے میں بھی تیزی دیکھی جا رہی ہے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق جولائی سے اپریل تک موبائل فون درآمدات کا مجموعی حجم ایک ارب 62 کروڑ ڈالر سے تجاوز کر گیا، جو گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے کے ایک ارب 25 کروڑ ڈالر کے مقابلے میں 29 فیصد سے زائد اضافہ ظاہر کرتا ہے۔

رپورٹ کے مطابق صرف اپریل 2026 کے دوران موبائل فون درآمدات 176 ملین ڈالر رہیں، جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 19 فیصد زیادہ ہیں، جبکہ ماہانہ بنیاد پر یہ اضافہ 41 فیصد تک ریکارڈ کیا گیا۔

روپے کے حساب سے موبائل فون درآمدات کا حجم 455 ارب روپے تک پہنچ گیا، جبکہ گزشتہ سال اسی مدت میں یہ حجم 349 ارب روپے تھا۔ مالی سال 2024-25 کے دوران مجموعی موبائل فون درآمدات ایک ارب 49 کروڑ ڈالر ریکارڈ کی گئی تھیں۔

دوسری جانب ملک میں مقامی سطح پر موبائل فون مینوفیکچرنگ اور اسمبلنگ میں بھی اضافہ دیکھنے میں آیا۔ مارچ 2026 کے دوران مقامی صنعت نے 27 لاکھ سے زائد موبائل فون تیار یا اسمبل کیے، جبکہ سال 2026 کی پہلی سہ ماہی میں مجموعی پیداوار 73 لاکھ یونٹس تک پہنچ گئی، جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 2 فیصد اضافہ ظاہر کرتی ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US